اسپین کا فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کے لیے اسرائیل پر پابندیوں کا اعلان

منگل 9 ستمبر 2025 13:24

میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء) اسپین نے غزہ میں جاری جنگ اور فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے اسرائیل پر سخت پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم پیدرو سانچیز نے اپنے ٹی وی خطاب میں کہا کہ یہ اقدامات فلسطینی عوام کی حمایت اور اسرائیل کو اس کے جرائم پر جواب دہ بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔اسپین نے اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی پر پابندی لگانے کے ساتھ دفاعی تجارت معطل کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اسرائیل جانے والے ہتھیار بردار جہازوں اور طیاروں کو اسپین کی بندرگاہوں اور فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔وزیراعظم سانچیز نے یہ بھی اعلان کیا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی میں شریک افراد کے اسپین داخلے پر پابندی لگائی جائے گی جبکہ اسرائیلی بستیوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کی درآمد پر بھی پابندی عائد کی جائے گی۔اس فیصلے کے بعد اسپین اور اسرائیل کے تعلقات میں شدید تنا پیدا ہوگیا ہے اور اسپین نے اپنا سفیر تل ابیب سے واپس بلا لیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر خارجہ نے اسپین کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اسپین کے دو وزیروں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔