زیرالتوا نئے بجلی کنکشنز کے لئے سنگل فیز میٹرز فراہم کئے جارہے ہیں ، جنرل منیجرکمرشل اینڈ کسٹمر سروسز فیسکو

منگل 9 ستمبر 2025 14:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) فیسکو کے جنرل منیجرکمرشل اینڈ کسٹمر سروسزراؤ مبشرحیات نے کہا ہے کہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)کی جانب سے 30جون 2025 تک زیر التوانئے بجلی کنکشنز کے لئےفوری طور پر سنگل فیز میٹرز کی فراہمی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اُن درخواست دہندگان کے لئے ہے جن کی درخواستیں2 ماہ سے زائد عرصے سے زیر التوا ہیں۔

اسی طرح یکم جولائی سے اب تک بقیہ رہ جانے والے نئے کنکشن کی تنصیب کے لئے میٹرز کی فراہمی کے لئے تمام آپریشن سرکلز سے فوری طور پر ڈیمانڈز طلب کر لی گئی ہیں تاکہ انھیں فوری میٹرز کی فراہمی ممکن ہو اورجلد صارفین کے کنکشن لگائے جائیں۔ اس سلسلے میں جنرل منیجرکمرشل اینڈ کسٹمر سروسزراؤ مبشرحیات نے بتایا کہ تمام سرکلز میں زیر التوانئے سنگل فیزکنکشنز کی تعداد کے مطابق میٹرز تقسیم کر دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ فیسکو فرسٹ سرکل میں 2599 میٹرز، سیکنڈسرکل میں 5186 میٹرز،جھنگ سرکل میں 95 میٹرز، سرگودھا سرکل میں 5233 میٹرز، میانوالی سرکل میں 570 میٹرزاورٹوبہ ٹیک سنگھ سرکل میں 2841 میٹرزفراہم کرنے کا حکم جار ی کر دیا گیا ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر 16524 سنگل فیز میٹرز فوری الاٹ کئے گئے ہیں تاکہ عوام کو بروقت بجلی کے نئے کنکشن فراہم کیے جا سکیں۔

انھوں نے فیسکو سٹاف کو ہدایت کی کہ تمام سنگل میٹرز کی تنصیب ترجیحی بنیادوں پر کی جائے ، صرف اکاؤنٹ نمبر کی بنیاد پر میٹرز الاٹ یا ریلیز کریں۔ مزید برآں تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز (آپریشنز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ میٹرز کی وصولی اور تنصیب میں کسی قسم کی تاخیر نہ کریں اور بلنگ کے عمل کو بھی یقینی بنائیں۔انھوں نے کہا کہ فیسکو عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے اور نئے کنکشنز کے حصول میں تاخیر ختم کرنے کے لئے اقدامات جاری ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :