حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر قطر میں حماس قیادت پر اسرائیلی حملے کیخلاف کراچی تا کشمور احتجاجی مظاہرے

بدھ 10 ستمبر 2025 21:02

حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر قطر میں حماس قیادت پر اسرائیلی حملے کیخلاف ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)جماعت اسلامی سندھ کے تحت مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر دوحہ میں حماس کی اعلیٰ قیادت پر اسرائیلی حملے کیخلاف کراچی تا کشمور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔احتجاجی مظاہروں سے جماعت اسلامی سندھ کی صوبائی،ضلعی اور مقامی رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوحہ میں اسرائیلی حملے میں حماس رہنما خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت 6 افراد کی شہادت اس بات کا اشارہ ہے کہ کوئی بھی اسلامی ملک اب اسرائیلی جارحیت سے محفوظ نہیں رہا، اسرائیل کی جانب سے غزہ، لبنان، شام، ایران اور یمن کے بعد برادر اسلامی ملک قطر پرحملہ عالمی قوانین کی خلاف وزری ہے اور ہماری سلامتی اور خود مختاری پر حملہ ہے، رہائشی عمارتوں اور حماس لیڈرشپ کو نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ مجرمانہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور قطری شہریوں اور قطر میں رہنے والے باشندوں کی سلامتی و تحفظ کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ دوحہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے غیر قانونی حملے اور خوفناک بمباری، رہائشی علاقے کو نشانہ بنانے اور معصوم شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔یہ حملہ بین الاقوامی قانون اور انسانی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے، شہریوں اور خودمختار ریاست کی سرزمین کو نشانہ بنانا سنگین دہشتگردی اور کھلی جارحیت ہے۔

پاکستان کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے قطری بھائیوں اور ریاست کے شانہ بشانہ کھڑی ہے عالمی برادری دہشتگرد صہیونی ریاست کو جوابدہ ٹھہرائے، نیتن یاہو کا پاگل پن پوری دنیا کے امن کیلئے تباہ کن ہے۔ اسرائیل کا دوحہ پر فضائی حملہ انتہائی خطرناک اور مجرمانہ اقدام ہے‘ جو بین الاقوامی قوانین و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی اور قطر کی قومی خود مختاری اور جغرافیائی سالمیت کی صریح پامالی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

لاڑکانہ:اسرائیل کی طرف سے قطر میں حماس کی قیادت پر حملے کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں جماعت اسلامی لاڑکانہ کی جانب سے جناح باغ سے پریس کلب تک مظاہرہ کیا گیا۔ جس کی قیادت ایڈووکیٹ نادر علی کھوسو امیر جماعت اسلامی ضلع لاڑکانہ اور رمیز راجہ امیر جماعت اسلامی لاڑکانہ کر رہے تھے۔

اس موقعے پر نعمت اللّٰہ سیال، عباس علی ڈاہانی اور حفیظ الرحمٰن سمیت دیگر ذمہ داران و کارکنان نے شریک ہوکر فلسطین، قطر اور حماس سے اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے قطر میں فلسطینی قیادت پر حملہ ناقابل برداشت ہے، یہ اقدام شدید ترین مذمت کے قابل ہے۔ قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی لیکن غ زہ سرنگوں نہیں ہو گا، مزاحمت جاری رہے گی۔

کندھ کوٹ: قطر میں فلسطینی قیادت پر کیے گئے حملے کے خلاف، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر ملک بھر کی طرح کندھ کوٹ میں بھی جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں اسرائیل کے ظالمانہ اقدام کی مذمت کی گئی اور فلسطین کی حمایت میں نعرے لگائے گئے۔مظاہرے میں امیر جماعت اسلامی ضلع کشمور غلام مصطفی میرانی، امیر مقام حافظ اسداللہ چنہ، نائب امیر جماعت اسلامی ضلع کشمور مولانا رفیع الدین چنہ، جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع کشمور حافظ شیر محمد مینک اور سوشل میڈیا انچارج مشاہد حسین کھوسو نے شرکت کی۔

دادو: امیر جماعت اسلامی پاکستان کی اپیل پرجماعت اسلامی دادو میں ضلعی امیر محمد برڑو،محمد موسیٰ ببر اور سکندر علی بھٹو کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مسلم اٴْمت کو ایک آواز ہو کر فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، اسرائیل کے انسانیت سوز حملے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جنہیں کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جا سکتا۔

دادو ضلع کے مقام فریدآباد میں بھی سٹی گیٹ چوک پر فلسطین اور حماس کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔جامشورو:گزشتہ روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے سربراہان پر اسرائیلی حملے کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن صاحب کی اپیل پر جماعت اسلامی ضلع جامشورو کی جانب سے امیر جماعت اسلامی ضلع جامشورو مولانا محمد عمر صاحب کی قیادت میں دفتر جماعت اسلامی کوٹری تا ڈسٹرکٹ پریس کلب جامشورو (کوٹری) تک مارچ کیا گیا اور پریس کلب پر احتجاج کیا گیا۔

اس موقع پر قیم جماعت اسلامی ضلع جامشورو حافظ خلیل الرحمٰن کورائی صاحب، امیر مقام کوٹری اعجاز احمد شیخ صاحب، امیر مقام کوٹری سائیٹ محمد رحیم بروھی صاحب، صدر جماعت اسلامی یوتھ ضلع جامشورو بخمین شاہ صاحب، جماعت اسلامی کے دیگر زمہ داران، کارکنان اور عوام نے شرکت کی۔بدین:امیر جماعت اسلامی پاکستان کی اپیل پرجماعت اسلامی بدین کے تحت ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

جس میں کارکنان اور رہنماؤں نے بڑ ی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر انجینئر سید علی مردان شاہ گیلانی، جنرل سیکریٹری عبد الکریم بلیدی نے کی۔ اس موقع پر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانا ایک غیر انسانی اور عالمی قانون کی سنگین خلاف ورزی ، کہ یہ حملہ نہ صرف قطر کی خودمختاری پر براہِ راست حملہ ہے بلکہ اس سے خطے میں امن کی کوششوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

اسرائیل نے اس جارحانہ کارروائی کے ذریعے عالمی برادری کو چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں کو فوری طور پر اس حملے کا نوٹس لینا چاہیے اور اسرائیل پر پابندیاں عائد کی جانی چاہئیں۔ پاکستانی قوم اور جماعت اسلامی مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اسرائیل کے ہر ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے تیار ہے۔دریں اثناء شکارپورمیں ضلعی امیر عبدالسمیع شمس بھٹی، مقامی امیر مولانا صدرالدین مہر،،،راجو نظامانی میں عبیداللہ نظامانی کی قیادت میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔