Live Updates

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 4 ارب روپے پی ڈی ایم اے کو جاری

بدھ 10 ستمبر 2025 23:00

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 4 ارب روپے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 4 ارب روپے پی ڈی ایم اے کو جاری کئے گئے ہیں ۔خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں حالیہ طوفانی بارشوں اور فلیش فلڈ سے اب تک 428 اموات ہوئیں جبکہ 127 افراد زخمی ہوئے،طوفانی بارشوں اور فلیش فلڈ میں 2692 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں 623 گھر مکمل منہدم ہوئے اور 2069 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، اس کے علاوہ 1040 دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔

صوبائی حکومت نے متاثرین کی امداد کیلئے 4 ارب روپے پی ڈی ایم اے کو جاری کئے جن میں سے اب تک 359 جاں بحق افراد کے ورثا کو 718 ملین روپے جبکہ 100 زخمیوں کو 50 ملین روپے ادا کئے گئے،اسی طرح 2125 گھر مالکان کو گھروں کیلئے 1051 ملین روپے جبکہ 945 مالکان کو دکانوں کیلئے 472.5 ملین روپے ادا کئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر ہے جہاں 251 اموات ہوئیں جبکہ 44 افراد زخمی ہوئے،بونیر میں 956 گھر اور 973 دکانیں متاثر ہوئیں، صرف بونیر میں متاثرین کو 1 ارب 210 ملین روپے سے زائد معاوضہ ادا کیا گیا، دیگر متاثرہ اضلاع میں صوابی، شانگلہ، مانسہرہ، باجوڑ، سوات، ڈی آئی خان اور دیر لوئر شامل ہیں جہاں جاں بحق افراد، زخمیوں، گھروں اور دکانوں کے مالکان کو صوبائی پالیسی کے تحت ادائیگی جاری ہے۔

وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر خیبر پختونخوا حکومت متاثرہ خاندانوں کی بحالی کیلئے سرگرم ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات