زرعی یونیورسٹی پشاور میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی سیشن

منگل 9 ستمبر 2025 23:18

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) زرعی یونیورسٹی پشاور میں طلبہ و طالبات کے لئے ذہنی صحت سے آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔تر جمان کے مطابق شعبہ رورل سوشیالوجی نے ڈائریکٹوریٹ آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (اوریک) اور یوتھ ڈیویلپمنٹ سنٹر کے تعاون سے سیشن میں ماہرینِ نفسیات اور اساتذہ نے شرکت کی۔ سیشن کا مقصد نوجوانوں کو ذہنی دباؤ، بے چینی، ڈپریشن اور دیگر نفسیاتی مسائل کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنی زندگی کو بہتر اور متوازن طریقے سے گزار سکیں۔

ماہرین نے طلبہ کو بتایا کہ تعلیمی دباؤ، معاشرتی چیلنجز اور ذاتی مسائل اکثر ذہنی صحت پر منفی اثرات ڈالتے ہیں، جن سے آگاہ ہونا اور ان کا بروقت حل تلاش کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ذہنی سکون، مثبت سوچ، وقت کی منصوبہ بندی اور جسمانی سرگرمیوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔سیشن کے اختتام پر سوال و جواب کا سلسلہ بھی رکھا گیا، جہاں طلباء نے اپنی مشکلات اور خدشات بیان کئے اور ماہرین سے رہنمائی حاصل کی۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلبہ و طالبات کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لئے اس طرح کی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف رورل سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ظفراللہ خان مروت، چئیرمین شعبہ رورل سوشیالوجی ڈاکٹر اسد اللہ خان، چیف پراکٹر ڈاکٹر بشیر احمد سمیت فیکلٹی ممبران اور انتظامی آفسران نے شرکت کی۔سیشن کے فوکل پرسن ڈاکٹر عبیدالرحمن تھے۔

متعلقہ عنوان :