اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد بن سعد الاحمد کا وفد کے ہمراہ امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی کا دورہ

منگل 9 ستمبر 2025 23:17

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر اور اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے پرو چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد بن سالم العامری کی سرپرستی میں امام یونیورسٹی کے وائس ریکٹر برائے تعلیمی امور ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمن العصمری نے اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد بن سعد الاحمد اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔

دورے کا مقصد دونوں جامعات کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دینا اور بین الاقوامی شراکت داری کو فعال بنانا تھا تاکہ طلبہ اور فیکلٹی ممبران کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔ ملاقات میں طلبہ کے تبادلہ پروگرام، اساتذہ کی مشترکہ تربیت، تدریسی و تحقیقی مہارتوں کی منتقلی اور فیکلٹی و سٹاف کے لیے ترقیاتی پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلبہ امور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالرحمن بن محمد الخراشی، انجینئرنگ فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر نشمی بن حسن الراشدی، بین الاقوامی تعاون کے انچارج ڈاکٹر محمد بن ناجی الیمانی اور مہارتوں کی ترقی کے مرکز کے انچارج ڈاکٹر محمد بن ندا العنزی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر العصمری نے کہا کہ امام یونیورسٹی عالمی سطح پر اسلامی جامعات سے شراکت داری کو بہت اہمیت دیتی ہے تاکہ تعلیم و تحقیق کے میدان میں ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

پروفیسر ڈاکٹر الاحمد نے امام یونیورسٹی کی تعلیمی، تربیتی اور تحقیقی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس معاہدے پر عمل درآمد اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے لیے ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔ یہ دورہ دونوں جامعات کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور علمی میدان میں بہترین عالمی روایات کے فروغ کا عکاس ہے۔