بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا طالب علموں کیلئے ویڈیو مقابلہ کا اعلان

منگل 9 ستمبر 2025 23:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے طلبہ کے لیے ایک منفرد ویڈیو مقابلے کا اعلان کیا ہے جس کا عنوان ’’پردے کے پیچھے خاموش ہرکولز بنانے والے‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس مقابلے کا مقصد یونیورسٹی کے ان محنتی مزدوروں اور حفاظتی عملے کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جو ادارے کے نظم و نسق میں خاموشی سے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

طلبہ سے کہا گیا ہے کہ وہ 60 سے 180 سیکنڈ پر مشتمل مختصر عمودی ریلز تیار کریں۔ یہ ریلز انفرادی طور پر یا تین رکنی ٹیم کی صورت میں بنائی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

ہر شریک کو ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ دیا جائے گا جبکہ بہترین ریلز کو انعامات اور یونیورسٹی کے سوشل میڈیا پر نمایاں کیا جائے گا۔ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 5,000 روپے، دوسری کو 3,000 روپے اور تیسری پوزیشن پر 2,000 روپے کے ساتھ شیلڈ اور سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا۔

ویڈیوز جمع کروانے کی آخری تاریخ 20 ستمبر 2025ء مقرر کی گئی ہے۔ ریلز گوگل فارم https://forms.gle/WTKKfGF5dULimRte6 کے ذریعے جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ یونیورسٹی کے پبلک ریلیشنز آفس کی جانب سے تھیم اور شوٹنگ کے حوالے سے رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔ مزید معلومات کے لیے طلبہ 051-9019210 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔