اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے بارہویں جماعت کامرس پرائیویٹ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2025 کے نتائج کا اعلان کردیا

منگل 9 ستمبر 2025 17:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کامرس پرائیویٹ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2025 کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کامرس پرائیویٹ گروپ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن آمنہ جنید موتی بنت محمد جنید رول نمبر 51041 نے ٹوٹل 1100 میں سے 950 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔

کوکب بنت محمد امین رول نمبر 51035 نے 946 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ بلقیس بنت مجاہد رول نمبر 51132 نے 913نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کامرس پرائیویٹ گروپ کے امتحانات میں 1964 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 1871 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 856 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 45.75 فیصد رہا۔

(جاری ہے)

ان امتحانات میں 5امیدوار اے ون گریڈ، 36اے گریڈ، 118بی گریڈ، 289 سی گریڈ، 370 ڈی گریڈ اور 34امیدوار ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے جبکہ 4امیدوار پاس ہوئے۔ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ امیدوا ر اپنے نتائج اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹربورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2025 میں مختلف گروپس کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے، اس حوالے سے گزشتہ ہفتے سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو تقریب میں میرٹ سرٹیفکیٹ دیئے گئے ہیں جبکہ جلد دیگر گروپس کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں تقریب منعقد کر کے انہیں بھی میرٹ سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے۔تقریب میں طلبہ کے ساتھ والدین اور میڈیا کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :