Live Updates

ًلاہورہائیکورٹ نے پنجاب میں ضمنی سینٹ کے الیکشن کو پٹیشن کے حتمی فیصلہ سے مشروط کردیا

منگل 9 ستمبر 2025 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے اعجاز چوہدری کی نشست پر پنجاب میں ضمنی سینٹ کے الیکشن کو پٹیشن کے حتمی فیصلہ سے مشروط کردیا۔ عدالت دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے اعجاز چوہدری کی درخواست پر 2 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ جسٹس احمد ندیم ارشد نے فیصلے میں لکھا کہ پٹیشن میں اہم نکات اٹھائے گئے ہیں۔

عدالت نے فریقین کو ہدایت کی کہ پندرہ دن میں پیراوائزجواب عدالت میں جمع کرائیں، الیکشن کمیشن کاسینیٹ انتخاب سے متعلق نوٹیفکیشن حتمی فیصلے سے مشروط ہوگا۔ وفاقی حکومت کی نمائندگی ایڈیشنل اٹارنی جنرل ملک جاوید اعوان ودیگر افسران نے کی درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر تیمور ملک، رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

اعجاز چوہدری نے سینٹ کے انتخاب روکنے کے لیے درخواست دائر کی ہے، بیرسٹر تیمور ملک اور رانا مدثر عمر نے اعجاز چوہدری کی درخواست پر دلائل دئیے۔

وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ پشاور ہائیکورٹ شبلی فراز اور عمر ایوب کی درخواست پر الیکشن روکنے کا حکم دے چکی ہے، الیکشن کمیشن نے سیلابی صورتحال کے باعث ملک بھر میں ضمنی انتخابات روک دئیے ہیں، سیلابی صورتحال میں سینٹ انتخابات کی پولنگ نہیں روکی جا رہی، عدالت اعجاز چوہدری کی سینٹ نشست سے نااہلی معطل کرتے ہوئے سینٹ نشست پر انتخاب روکنے کا حکم دے۔ دوران سماعت وفاقی حکومت اورالیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست کی مخالف کی تھی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات