ا فواج پاکستان کی جدید صلاحیتیں قومی دفاع کی ضمانت ہیں،فیروز شاہ

افواج پاکستان بہادری کیساتھ ملکی خود مختاری، زمینی حدود اور علاقائی سا لمیت کاتحفظ کررہی ہے،مشیر سرمایہ کاری بورڈ

منگل 9 ستمبر 2025 19:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ اورپاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سید فیروز عالم شاہ نے افواج پاکستان کی جدید صلاحیتوں کو قومی دفاع کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے شہدائ اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، معرکہ حق بنیان المرصوص میں پاک فوج نے دشمن کومنہ توڑ جواب دیکر ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدارتی ایوارڈ یافتہ سید فیروزعالم شاہ کا کہنا تھا کہ ستمبر 1965 میں ہماری افواج نے شجاعت اور غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کرملکی دفاع کیلئے ایک ناقابل تسخیر دیوار بن گئی اس تاریخی واقعہ نے ثابت کر دیا کہ اتحاد، اتفاق اور ایمان ہتھیار یا عددی برتری سے زیادہ طاقتور ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروزعالم شاہ نے کہا کہ پاک فضائیہ نے معرکہ حق بنیان المرصوص میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا، معرکہ حق بنیان المرصوص کے دوران پاک بحریہ نے سمندری حدود کا تحفظ کرتے ہوئے دشمن کی کسی بھی ممکنہ جارحیت کو ناکام بنایا،اسی طرح بری فوج نے بھی زمینی کارروائی کے ذریعے وطن عزیز کا بہادری کے ساتھ دفاع کیا،مجھے یقین ہے کہ افواج پاکستان بہادری کے ساتھ ملک کی خود مختاری، زمینی حدود اور علاقائی سا لمیت کاتحفظ کرتی رہے گی۔

سید فیروز عالم شاہ نے کہا کہ جذبہ ایمانی اور شوق شہادت سے سرشار افواج پاکستان کے آفیسرز اور جوان اپنے خون سے پاکستان کی آبیاری کر رہے ہیں ، وطن عزیز پر جان نچھاور کرنے والے بہادر آفیسرز اور جوانوں کو پوری قوم سلیوٹ کرتی ہے ،شہدا ئ کی عظیم قربانیاں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی ،تمام ریاستی ادارے یکجہتی کے ساتھ پاکستان کو لاحق چیلنجوں کا مقابلہ کررہے ہیں ،پوری قوم افواج پاکستان کے شہیدوں کی قرض دار ہے،پوری قوم افواج پاکستان سمیت دیگر سکیورٹی اداروں کی پشت پر کھڑی ہے۔