چین، روس اور منگولیا کی پہلی مشترکہ سرحدی دفاعی مشقیں اختتام پذیر

بدھ 10 ستمبر 2025 08:40

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) چین، روس اور منگولیا نے اپنی پہلی مشترکہ سرحدی دفاعی مشقیں مکمل کرلیں ۔ شنہوا کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی ڈیلی نے بدھ کے روز اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یہ مشقیں "بارڈر ڈیفنس کوآپریشن 2025" کے کوڈ نام سے کی گئیں، جن کا مقصد سرحدی علاقوں میں دہشت گردی اور تخریب کاری کے خلاف مربوط کارروائی کی صلاحیت کو مضبوط بنانا تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق، ان لائیو مشقوں کا مقصد نہ صرف تینوں ممالک کی سرحدی سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بڑھانا تھا بلکہ باہمی اسٹریٹجک اعتماد کو بھی فروغ دینا تھا۔مشق کے دوران، چین میں ایک مشترکہ کمانڈ پوسٹ قائم کی گئی جہاں تینوں ممالک نے مشترکہ منصوبہ بندی، نگرانی اور ہدفی کارروائیوں جیسے آپریشنز انجام دیئے ۔ اس عمل کے ذریعے سرحدی دفاع کے ایک نئے ماڈل کو پرکھا گیا۔مشق کے اختتام پر تینوں افواج نے سرحدی نگرانی اور انتظام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔