جنوبی کوریا میں اگست کے دوران ملازمتوں میں مسلسل آٹھویں ماہ اضافہ ، ملازمین کی تعداد 2 کروڑ 89 لاکھ 67 ہزار تک پہنچ گئی

بدھ 10 ستمبر 2025 10:20

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) جنوبی کوریا میں اگست کے دوران ملازمتوں میں مسلسل آٹھویں ماہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ملازمین کی تعداد 0.6 فیصداضافے سے 2 کروڑ 89 لاکھ 67 ہزار تک پہنچ گئی۔ شنہوا کے مطابق سرکاری اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ملک میں 15 سال اور اس سے زائد عمر کے ملازمین کی تعداد اگست میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 1 لاکھ 66 ہزار بڑھی تاہم یہ اضافہ جولائی میں ہونے والے 1 لاکھ 71 ہزار کے مقابلے میں کم رہا۔

محکمہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق زیادہ تر روزگار کا فائدہ بزرگ شہریوں کو ملا، اگست میں 60 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے ملازمتوں میں 4 لاکھ 1 ہزار کا اضافہ ہوا جبکہ 30 سال کی عمر کے افراد میں 96 ہزار نئی ملازمتیں آئیں۔

(جاری ہے)

اس کے برعکس 15 تا 29 سال کے نوجوانوں میں 2 لاکھ 19 ہزار ملازمتوں کی کمی ریکارڈ ہوئی جبکہ 40 کی دہائی کی عمر کے افراد میں 73 ہزار اور 50 کی دہائی میں 38 ہزار نوکریاں کم ہوئیں۔

صنعتی شعبے میں روزگار بھی دباؤ کا شکار رہا، اگست میں مینوفیکچرنگ میں 61 ہزار ملازمتوں کا خاتمہ ہوا جو مسلسل 14ویں ماہ کمی ہے۔ اسی طرح تعمیراتی صنعت میں 1 لاکھ 32 ہزار نوکریاں ختم ہوئیں، جو مسلسل 16ویں ماہ گراوٹ ہے۔اس کے برعکس صحت اور سماجی بہبود سروسز میں 3 لاکھ 4 ہزار، تعلیمی شعبے میں 48 ہزار اور ریئل اسٹیٹ میں 40 ہزار ملازمتوں کا اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق ریگولر ملازمین کی تعداد 3 لاکھ 48 ہزار بڑھی لیکن غیر مستقل ملازمین میں 12 ہزار اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں میں 67 ہزار کمی آئی۔خود روزگار اختیار کرنے والے افراد میں بھی کمی دیکھی گئی۔ وہ لوگ جو ملازمین رکھتے تھے ان کی تعداد 5 ہزار کم ہوئی جبکہ بغیر ملازمین والے خودکاروباری افراد میں 65 ہزار کی کمی آئی۔ اگست میں روزگار کی شرح 0.1 فیصد پوائنٹ بڑھ کر 63.3 فیصد ہوگئی۔

او ای سی ڈی معیار کے مطابق 15 تا 64 سال کی عمر کے افراد کی ملازمت کی شرح بھی 0.1 پوائنٹ بڑھ کر 69.9 فیصد پر پہنچ گئی۔بے روزگار افراد کی تعداد اگست میں بڑھ کر 5 لاکھ 92 ہزار ہوگئی جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 28 ہزار زیادہ ہے۔محکمہ نے بتایا کہ معاشی طور پر غیر فعال آبادی، جو روزگار کی تلاش میں دلچسپی نہیں رکھتی، اگست میں 9 ہزار بڑھ کر 1 کروڑ 62 لاکھ 20 ہزار ہوگئی جبکہ "آرام کرنے والے گروپ" کی تعداد 73 ہزار بڑھ کر 26 لاکھ 41 ہزار ہوگئی۔

متعلقہ عنوان :