نوشہرو فیروز،اسپتال کے ٹراما سینٹر کی چھت گرنے سے بڑا حادثہ ٹل گیا

بدھ 10 ستمبر 2025 14:41

نوشہرو فیرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) مورو اسپتال کے ٹراما سینٹر کی چھت گرنے سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔گزشتہ رات مورو میں ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں سول اسپتال کے ایمرجنسی ٹراما سینٹر کی چھت اچانک گر گئی۔ خوش قسمتی سے واقعے کے دوران اسپتال کا عملہ اور زیرِ علاج مریض معجزانہ طور پر محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عینی شاہدین کے مطابق ٹراما سینٹر کی عمارت طویل عرصے سے بوسیدہ اور خستہ حالی کا شکار تھی۔

(جاری ہے)

بارش کے پانی نے دیواروں اور چھت کو مزید کمزور کر دیا جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ واقعے کے وقت ایمرجنسی وارڈ میں متعدد مریض زیرِ علاج تھے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حادثے کے بعد اسپتال کے عملے اور شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت، سیکریٹری صحت اور ضلعی انتظامیہ سے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واحد سرکاری اسپتال کی خستہ حالی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اور اس کی فوری مرمت و بحالی نہ کی گئی تو مستقبل میں کسی بڑے سانحے کا خدشہ ہے۔\378