کاشتکاروں کو کینولاکا اعلیٰ معیارکاحامل تصدیق شدہ و معیاری ہائبرڈ بیج سستے داموں فراہم کرنے کا فیصلہ

بدھ 10 ستمبر 2025 15:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) خوردنی تیل کی بڑھتی ہوئی ضروریات کوپورااور کینولا کی زیادہ سے زیادہ کاشت سمیت کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی اور مکمل معلومات کی فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں فیلڈ ڈیز کے انعقاد کافیصلہ کیا گیا ہے جس میں مختلف تحقیقی اداروں کے سائنسدان، محکمہ زراعت، نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سنٹر، پاکستان آئل سیڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے حکام و ماہرین زراعت کاشتکاروں کو خصوصی آگاہی دیں گے اور انہیں زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کینولا کاشت کرنے کی ترغیب دی جائے گی تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے خوردنی تیل کی ضرورت پوری کرنے کے ساتھ ساتھ درآمدات پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچایاجاسکے۔

(جاری ہے)

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ اس ضمن میں کاشتکاروں کو کینولاکا انتہائی اعلیٰ معیار اور بہترین پیداواری صلاحیت کاحامل تصدیق شدہ و معیاری ہائبرڈ بیج سستے داموں فراہم کیا جائیگاتاکہ وہ بمپر کراپ حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں۔انہوں نے بتایاکہ رواں ماہ ستمبر کے دوران کاشتکاروں کیلئے خصوصی و جامع آگاہی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہونے کا امکان ہے۔