کمشنر سرگودہا کا ڈویژنل پبلک سکول مین کیمپس کا دورہ، تعلیمی و دیگر سہولیات کا جائزہ لیا

بدھ 10 ستمبر 2025 16:44

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈویژنل پبلک سکول لاہور روڈ کا دورہ کیا ،مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا، بچوں کی تعلیمی استعداد کا رکاجائزہ لیا اور ان سے نصاب سے متعلق سوالات بھی کیے۔ کمشنر نے سکول میں فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور نہم جماعت میں نمایاں نمبر حاصل کرنے والے طلبہ سے ملاقات کر کے اُنہیں شاباش دی۔

انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ میٹرک میں مزید محنت کر کے کامیابی حاصل کریں۔ کمشنر نے کہا کہ ڈی پی ایس کے طلبہ تعلیمی معیار کے اعتبار سے کسی بھی سرکاری یا نجی سکول کے طلبہ سے کم نہیں، آپ کا مقابلہ دوسرے اداروں سے ہے، اس لیے سب کو ٹف ٹائم دیں۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے طلبہ پر زور دیا کہ اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں، پڑھائی کو سنجیدگی سے لیں اور موبائل فون کا مثبت استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رٹا لگانے کے بجائے عملی زندگی کے مسائل کو سمجھیں اور ان کے حل کے لیے تعلیم حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی چاہیے کہ وہ سکولوں کے دورے کریں اور اپنے تجربات بچوں سے شیئر کریں تاکہ طلبہ کو زندگی کے مختلف پہلوؤں سے سیکھنے کا موقع ملے۔ مزید برآں کمشنر نے طلبہ کو ٹریفک قوانین کی آگاہی اور ان پر عمل درآمد کی تلقین کی۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کو بھی موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کے لازمی استعمال کا مشورہ دیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں بھی کردار ادا کریں۔ کمشنر نے چیف ایگزیکٹو آفیسر سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی رانا شاہد عمران کو ہدایت دی کہ سرکاری و نجی سکولوں میں جا کر طلبہ کو صفائی کی اہمیت بارے لیکچرز دیں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وقت بہت قیمتی ہے، اسے ضائع نہ کریں، بلکہ مستقبل کے بہتر شہری بننے کے لیے محنت کریں۔دورے کے دوران ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ پرنسپل لیفٹیننٹ کرنل (ر) اشفاق حسین نے کمشنر کو سکول کے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں بارے بریفنگ دی۔