بلاول بھٹو زرداری کی سردار امیر بخش بھٹو سے ملاقات،ان کے والد اور سابق وزیراعلی سندھ مرحوم ممتاز علی بھٹو کے انتقال پر تعزیت کی

بدھ 10 ستمبر 2025 21:02

بلاول بھٹو زرداری کی سردار امیر بخش بھٹو سے ملاقات،ان کے والد اور سابق ..
کراچی/لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھٹو قبیلے کے سربراہ اور سردار امیر بخش بھٹو کی رہائش گاہ ان کے آبائی گاں میر پور بھٹو پہنچ کر ان کے والد اور سابق وزیراعلی سندھ مرحوم ممتاز علی بھٹو کے انتقال پر ان سے تعزیت کی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ تعزیت کے بعد بلاول بھٹو زرداری اور امیر بخش بھٹو کے درمیان ون ٹو ون ملاقات بھی ہوئی۔

ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے صدر آصف علی زرداری کا خاص پیغام پہنچایا اندرونی ذرائع کے مطابق بلاول زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھٹو خاندان کا اثاثہ اور حقیقی پارٹی ہے آپ بھٹو خاندان کے سربراہ اور سردار ہونے کے ناطے پیپلز پارٹی کو مضبوط اور منظم کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

اندرونی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے امیر بخش بھٹو کو رتوڈیرو والی سیٹ سے کامیاب کروا کر اسمبلی پہنچانے کی بھی پیشکش کی ۔

ذرائع نے بتاکہ بلاول بھٹو نے کہاکہ جلد صدر آصف علی زرداری بھی آپ سے ملاقات کر کے مزید تعلقات اور خاندانی رشتہ داری بہتر بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرینگے۔اندرونی ذرائع نے بتایا ہے کہ سردار امیر بخش بھٹو نے کہا کہ میں جو بھی فیصلہ کروں گا اپنے پرانے دوستوں، ساتھیوں اور ممتاز بھٹو کے چاہنے والوں لوگوں کے صلاح و مشورے سے ہی کروں گا اور جو سندھ دھرتی اور سندھیوں کے لیے بہتر ہوگا وہی کروں گا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سہیل انور سیال، جمیل سومرو، آغا سراج درانی، اعجاز جکھرانی، سید حسن محمود امروٹی اور دیگر موجود تھے۔