میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا برسات کے بعد مختلف علاقوں کا دورہ، شہر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ
بدھ 10 ستمبر 2025 21:47
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے برسات کے بعد شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے گارڈن، ایم اے جناح روڈ اور ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے متعدد مقامات کا معائنہ کیا،میئر کراچی نے کہا کہ انتظامیہ کی بروقت کارروائی کے باعث شہر کی بیشتر سڑکیں کلیئر ہیں، واٹر کارپوریشن اور بلدیہ عظمیٰ کا عملہ اب بھی فیلڈ میں موجود ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ شہر ڈوبا نہیں لیکن کراچی کی قیادت کی محنت نے برسات پر سیاست کرنے والوں کی امیدوں کو ضرور ڈبو دیا ہے، عوامی شکایات سننے اور مسائل کے فوری حل کے لیے وہ خود شہر کے دورے پر ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ سمندر کے پانی کی سطح میں کمی کے بعد شہر کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور جلد ہی حالات معمول پر آجائیں گے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے لیاری کے دورے کے دوران عوامی مسائل سنے اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا،میئر کراچی نے واٹر کارپوریشن کو نکاسی آب بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور پینے کے پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا،میئر کراچی نے لیاری میں جدید مشینری نصب کرکے نکاسی آب کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے انہوں نے جمیلہ پمپنگ اسٹیشن کا معائنہ کیا اور واٹر کارپوریشن کو ہنگامی بنیادوں پر پمپنگ مسائل حل کرنے کی ہدایت جاری کی،انہوں نے بلدیاتی نمائندوں کو بارش کے بعد سڑکوں کی فوری مرمت کا حکم دیا اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور اس عزم کو دہرایا کہ عوامی سہولت کے لیے دن رات کام جاری رہے گا، شہریوں کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے اور بارشوں سے نمٹنے کے لیے مکمل پلان موجود ہے۔
(جاری ہے)
قبل ازیں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی اور سی او او واٹر کارپوریشن اسد اللہ خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے،میئر کراچی نے کلفٹن پمپنگ اسٹیشن کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مزید بارش کی صورت میں پمپنگ مشینریز کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے قریبی رابطہ رکھا جائے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف نالوں کا بھی دورہ کیا اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، میئر کراچی نے نمائش، گرومندر اور لسبیلہ روڈ کے علاقوں کا بھی معائنہ کیا،انہوں نے کہا کہ آج نالوں کی صفائی کے باعث برساتی پانی کے بہاؤ میں بہتری رہی ہے، اس سلسلے میں سخت نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ پانی کا بہاؤ مسلسل برقرار رہے، میئر کراچی نے واضح کیا کہ اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ناگن چورنگی پر بارش کا پانی جمع ہونے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلع وسطی کا ہنگامی دورہ کیا اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیااور موقع پر ہی ہدایات جاری کیں، میئر کراچی نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ کسی بھی مقام پر پانی یا چوکنگ پوائنٹس کی صورت میں راستہ بند کیا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو، ناگن چورنگی پر انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے راستہ بند کیا جبکہ دونوں نالے کلیئر کر دیئے گئے تھے اور مسلسل پانی نکالا جا رہا ہے،انہوں نے بتایا کہ نیو کراچی، نارتھ کراچی اور قلندریہ کا پانی اسی سمت آتا ہے جس کے باعث دباؤ بڑھ جاتا ہے تاہم ضلعی انتظامیہ، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ٹاؤن کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور صورتحال کو سنبھالنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں سخی حسن، ناگن چورنگی، شاہراہِ پاکستان، لیاقت آباد، عزیز آباد، نیو کراچی، قلندریہ اور دیگر مقامات کا بھی معائنہ کیا، میئر کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پانی کے اخراج کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور مزید بارش کی صورت میں اضافی مشینری فوری طور پر تعینات کی جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز کو ہدایت کی کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) سے فوری تعاون کیا جائے، میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے قائم کردہ رین ریلیف کیمپس کا بھی دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ،میئر کراچی ایم نائن موٹروے پر قائم شہباز گوٹھ کا بھی دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کی قیادت، ضلعی انتظامیہ اور واٹر کارپوریشن کے افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے اس موقع پر جمالی پل اور اطراف کے علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے انتظامات سمیت صورتحال کا جائزہ لیا، انہوں نے علاقہ مکینوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔