گورنرخیبرپختونخوا نے سپیکر صوبائی اسمبلی کی دعوت پر خیبر پختونخوا اسمبلی کا دورہ

بدھ 10 ستمبر 2025 21:23

گورنرخیبرپختونخوا نے سپیکر صوبائی اسمبلی کی دعوت پر خیبر پختونخوا ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کی دعوت پر خیبر پختونخوا اسمبلی کا دورہ کیا اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے قواعد و ضوابط 2025 کی توثیق کی تقریب میں شرکت اور خطاب کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر صوبائی اسمبلی بابرسلیم سواتی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور کو اسمبلی کے قواعد و ضوابط 2025 کی توثیق پر مبارکباد پیش کی۔

گورنرنے وزیراعلی خیبرپختونخوا، اسپیکر صوبائی اسمبلی کو صوبے کی ترقی و خوشحالی، امن کے لئے مل کر کام کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ صوبائی خودمختاری اور صوبے کو درست سمت پر لانے اور تمام مسائل کے حل کے لئے متحد ہو کر کوشش کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسمبلی قواعد و ضوابط 2025 کا اجراء پارلیمانی تاریخ میں سنگِ میل ہے۔

یہ محض تجدید نہیں بلکہ جمہوری اقدار اور ادارہ جاتی کارکردگی کے عزم کا اعادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے پہلے رولز 1973 میں گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے مرتب کیے گئے تھے اور اب 37 سال بعد جامع تجدید موجودہ دور کے چیلنجز اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق کی گئی ہے۔ گورنر نے ایوان سے خطاب میں مزید کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس گورنر کیجانب سے طلب اور ملتوی کئے جاتے ہیں اور اس ایوان سے منظور ہونیوالے قوانین بالآخر گورنر کی منظوری کے بعد نافذ ہوتے ہیں، گورنر ہاؤس اور خیبرپختونخوا اسمبلی کا یہ آئینی رشتہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ گورنر کے دفتر اور قانون ساز اسمبلی کے درمیان جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے ہم آہنگی، باہمی احترام اور مشترکہ ذمہ داری موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پارلیمانی روایات اس امر کی گواہی دیتی ہے کہ مستحکم و جدید قواعد کسی بھی قانون ساز ادارے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، اسی عالمی روایات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی نے بھی اپنے آپ کو ترقی پسند پارلیمانی اداروں کی صف میں شامل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اپنے خطاب میں ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی، موجودہ اور سابق اراکین صوبائی اسمبلی، محکمہ قانون، اسمبلی سیکرٹریٹ کے عملہ کو اس تاریخی عمل میں بھرپور کردار پر بھی خراج تحسین پیش کیا۔