ڈینش دواساز کمپنی نووو نارڈسک کا 9 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان

بدھ 10 ستمبر 2025 16:47

کوپن ہیگن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) ڈینش دواساز کمپنی نووو نارڈسک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے عالمی عملے میں سے 11 فیصد کمی کرے گی۔اے ایف پی کے مطابق نووو نارڈسک جو اوزیمپک (Ozempic) اور ویگووی (Wegovy) جیسے موٹاپا کم کرنے والے انجیکشنز تیار کرتی ہے، اب بڑھتی ہوئی مسابقت کا سامنا کر رہی ہے۔کمپنی کے مطابق وہ 9 ہزار ملازمتوں میں کٹوتی کرے گی جن میں سے 5 ہزار ڈنمارک میں ختم کی جائیں گی۔

اس فیصلے سے کمپنی کو 8 ارب کرونر (1.3 ارب ڈالر) کی بچت ہوگی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام کمپنی کی سطح پر تبدیلی کا حصہ ہے جس کا مقصد تنظیم کو سادہ بنانا، فیصلہ سازی کی رفتار کو بہتر بنانا اور وسائل کو ذیابیطس اور موٹاپے کے شعبوں میں ترقی کے مواقع کی طرف منتقل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

یہ رواں سال تیسری بار ہے کہ کمپنی نے اپنی آمدنی کے اندازے کو کم کیا ہے اور اب نووو نارڈسک کو توقع ہے کہ آپریٹنگ منافع میں 4 سے 10 فیصد اضافہ ہوگا جو پہلے 10 سے 16 فیصد متوقع تھا۔

نووو نارڈسک کی وزن کم کرنے والی ادویات کی مقبولیت کے باعث یورپ کی سب سے قیمتی کمپنی بھی بن گئی تھی اور اس نے 2020 میں عملہ کی تعداد 43700 سے بڑھا کر 78,400 تک پہنچا دی تاہم گزشتہ سال سے اس کے حصص کی قیمت گر رہی ہے اور خاص طور پر امریکا میں حریف کمپنیوں کی نئی ادویات سامنے آنے کے بعد اس کی فروخت میں کمی دیکھی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :