اسلامی یونیورسٹی اور القوی سٹیلز کے درمیان صنعت پر مبنی تحقیق کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے

بدھ 10 ستمبر 2025 17:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی ) اور القوی سٹیلز نے ’’شعور‘‘ پلیٹ فارم کے تحت صنعت پر مبنی تحقیق کے فروغ کے لئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے۔یہ تقریب یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریشن بلاک بورڈ روم میں منعقد ہوئی ،جس کا اہتمام دفتر برائے تحقیق، جدت اور تجارتی کاری (او آر آئی سی )نے صنعتی روابط و تجارتی کاری ورکنگ گروپ کے تحت کیا۔

اس معاہدے کا مقصد اپلائیڈ سائنسز، کمپیوٹنگ، مینجمنٹ اور انجینئرنگ میں تحقیق و ترقی کو فروغ دینا ہے جبکہ فائنل ایئر کے طلبہ کے منصوبوں، کاروباری اقدامات اور تجارتی مواقع کے لئے تعاون فراہم کرنا بھی شامل ہے۔ دونوں اداروں نے ایک جدید تحقیقی ماحول تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے تاکہ تعلیم اور صنعت کے درمیان فاصلے کو کم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ صنعتی روابط ورکنگ گروپ ڈاکٹر بشیر احمد نے صنعت و جامعات کے باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

القوی سٹیلز کے سی ای او انجینئر محمد جواد جنجوعہ نے طلبہ کی تحقیق اور جدت کی حمایت میں ادارے کے وژن پر روشنی ڈالی۔معاہدے پر آئی آئی یو آئی کی طرف سے ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد اور شعور کی جانب سے انجینئر جواد جنجوعہ نے دستخط کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر بشیر احمد اور عمر خالد نے بطور گواہ شرکت کی۔ڈائریکٹر او آر آئی سی پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر نے القوی سٹیلز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اشتراک طلبہ کو عملی مہارتوں سے لیس کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔معاہدے کے تحت ایک مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی بھی قائم کی جائے گی جو معاہدے پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گی۔ آئندہ سمسٹر میں ورکشاپس، سیمینارز اور صنعتی دوروں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :