اسمبلی رولز میں ترامیم تاریخی سنگِ میل ہیں، مضبوط ادارے ہی مضبوط قوم کی بنیاد ہیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

بدھ 10 ستمبر 2025 18:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ آج صوبائی اسمبلی کی تاریخ کا اہم دن ہے، جب 37 برس بعد اسمبلی رولز آف بزنس میں ترامیم کی گئیں۔ ان اصلاحات سے اسمبلی کی کارروائی بہتر ہوگی جس کا براہِ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا۔ وہ بدھ کے روز اسمبلی قواعد و ضوابط کی توثیقی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اداروں میں اصلاحات ہمارا نصب العین ہے کیونکہ مضبوط ادارے ہی مضبوط ملک اور قوم کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کا اصل مقصد قانون سازی ہے، لیکن اکثر ایوان میں مسائل کے حل کے بجائے غیر ضروری تنقید پر وقت ضائع ہوتا ہے ،ہم سب دو جہانوں میں جوابدہ ہیں ،انہوں نے کہا کہ قوانین تو بنائے جاتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا ،اگر نئے رولز پر عمل کیا گیا تو ہمارے بیشتر مسائل حل ہوجائیں گے۔