اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں تعلیمی بلاکس کی تزئین و آرائش کا کام جاری

بدھ 10 ستمبر 2025 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) میں تعلیمی بلاکس کی تزئین و آرائش کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ یہ منصوبہ سابق ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد کی جانب سے دیئے گئے خصوصی 5 کروڑ روپے کے فنڈ سے شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد تعلیمی ماحول کو بہتر بنانا اور طلبہ کو معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

منصوبے کے تحت مرد و خواتین کیمپس کے کلاس رومز اور دفاتر میں خراب برقی آلات جیسے سوئچز، بلب، پنکھے اور وائرنگ کو تبدیل کیا جا رہا ہے جبکہ ہر کلاس روم اور دفتر کے لئے اعلیٰ معیار کے پردے بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔تزئین و آرائش کے کام میں بڑی سطح پر رنگ و روغن بھی شامل ہے۔ جن بلاکس میں کام جاری ہے اُن میں حضرت فاطمہ بلاک، حضرت مریم بلاک اور مردانہ بلاکس 1، 2 اور 3 شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نئے تعمیر شدہ شیئرڈ بلاک سمیت سینکڑوں کلاس رومز کو اس منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔مردانہ بلاک 1 میں اب تک 39 میں سے 37 کلاس رومز کی رنگ و روغن مکمل ہو چکی ہے جبکہ خواتین کیمپس میں 80 میں سے آدھے سے زائد کلاس رومز کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے۔اس منصوبے کی نگرانی ایک خصوصی کمیٹی کر رہی ہے جس کی سربراہی ڈاکٹر عبد الرحمن کر رہے ہیں۔

ان کے ہمراہ ڈاکٹر محمد ضیاء الحق (ڈائریکٹر جنرل، اسلامی تحقیقاتی ادارہ)، ڈاکٹر انعام الحق (ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ ورکس) اور ڈاکٹر فضل اللہ (ڈین فیکلٹی آف عربی) شامل ہیں۔خواتین کیمپس میں انچارج خواتین کیمپس ڈاکٹر آمنہ محمود نے بھی معائنے کے دوران انتظامیہ اور ڈینز کو کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یہ منصوبہ آئندہ تین ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف یونیورسٹی کا ظاہری حسن بڑھے گا بلکہ طلبہ کے لئے بہتر تعلیمی ماحول بھی فراہم ہوگا۔