Live Updates

سوات ،تجاوزات کیخلاف ضلعی انتظامیہ کا آپریشن پھر عوامی مزاحمت کے باعث ناکام ہوگیا

بدھ 10 ستمبر 2025 23:19

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)سوات میں تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا آپریشن ایک بار پھر عوامی مزاحمت کے باعث ناکام ہوگیا۔ بدھ کے روز فضاگٹ میں بھاری مشینری اور پولیس کی بھاری نفری پہنچادی گئی تاکہ غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کو ہٹایا جائے، تاہم تاجروں اور متاثرہ مالکان نے شدید مزاحمت کی اور مرکزی شاہراہ کو بند کردیا۔

مظاہرین کی قیادت سٹی میئر شاہد علی اور ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے کی۔ انہوں نے دیگر مالکان کے ہمراہ مشینری کو آگے بڑھنے سے روکا جبکہ سڑک بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مریض گاڑیوں میں رل گئے، خواتین اور بچے پیدل جانے پر مجبور ہوگئے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کی بارہا اپیلوں کے باوجود مظاہرین نے سڑک کھولنے سے انکار کردیا۔

بعدازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات محب اللہ خان مظاہرین سے مذاکرات کے لیے پہنچے، جہاں یہ فیصلہ ہوا کہ پہلے تجاوزات کی نشاندہی کی جائے گی اور بعدازاں تمام مالکان اپنی مدد آپ کے تحت رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹائیں گے۔ اس فیصلے کے بعد انتظامیہ نے آپریشن ملتوی کردیا۔یاد رہے کہ 27 جون کو سانحہ دریائے سوات کے بعد مینگورہ بائی پاس پر گرینڈ آپریشن کیا گیا تھا جس کے دوران متعدد تجاوزات اور تعمیرات کو مسمار کیا گیا تھا، تاہم وفاقی وزیر امیر مقام کے ہوٹل کے قریب کارروائی رک گئی تھی اور کئی مالکان نے عدالت سے حکم امتناعی بھی حاصل کرلیا تھا۔

پندرہ اگست کے تباہ کن سیلاب کے بعد ایک بار پھر تجاوزات کے خلاف کارروائی شروع کی گئی، مگر اس بار بھی انتظامیہ کو مظاہرین کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پڑے اور آپریشن ملتوی کرنا پڑا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات