تعلیمی نظام میں بہتری لانا اولین ترجیح ہے ،ڈپٹی کمشنر جعفرآباد

جمعرات 11 ستمبر 2025 11:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا ہے کہ تعلیمی نظام میں بہتری لانا ہماری اولین ترجیح ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کےافسران سےگفتگو کرتےہوئے کہا کہ جن اساتذہ پر ذمہ داریاں عائد کی گئی ہیں وہ اپنے فرائض منصبی خوش اسلوبی سے انجام دیں تاکہ ہم سب مل کر پڑھا لکھا معاشرہ تشکیل دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر حاضر اساتذہ نہ صرف بچوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں بلکہ ان کی فرائض میں غفلت بچوں کو تاریکی میں دھکیلنے کے مترادف ہے جسے ضلعی انتظامیہ کسی صورت برداشت نہیں کرے گی ۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی اور ضلع بھر میں تدریسی عمل اور درپیش مسائل سے متعلق آگاہی فراہم کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی اور چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کے احکامات پر ہر صورت عملدرآمد کر کے علاقے میں تعلیمی رجحان کو مزید فروغ دیا جائے گاجس کے لئے ضلعی انتظامیہ محکمہ تعلیم کی ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سکولوں کو فعال کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع جعفرآباد سے ناخواندگی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ اساتذہ کی مانیٹرنگ کے عمل کو مزید موثر اور تیز کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے علم کی روشنی سے مستفید ہو سکیں اور اس مقصد کے لئے ضلعی انتظامیہ اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

متعلقہ عنوان :