لبنان سے 60 لاکھ منشیات کی گولیاں سعودی عرب سمگل کرنے کی کوشش ناکام

سمگلنگ میں ملوث افراد کو بیروت میں گرفتار کیا گیا ، قبضے سے تقریبا 80 لاکھ گولیاں برآمد

جمعرات 11 ستمبر 2025 17:02

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)سعودی عرب نے لبنان سے لائی جانے والی منشیات کی ایک بڑی کھیپ پکڑ لی ہے، جس میں 60 لاکھ سے زائد ایمفیٹامین گولیاں شامل تھیں، جنہیں اسمگل کر کے کسی دوسرے ملک بھیجنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ یہ کارروائی جدہ اسلامی بندرگاہ پر کی گئی ہے۔سعودی وزارتِ داخلہ کے سکیورٹی ترجمان بریگیڈیئر طلال الشلہوب کے مطابق منشیات سمگل کرنے والے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے بعد ایک بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

اس دوران لبنان سے منگوائی گئی تقریبا 68 لاکھ 75 ہزار ایمفیٹامین گولیاں، جو رنگ کے ڈبوں کی کھیپ میں چھپائی گئی تھیں، جدہ میں پکڑی گئی ہیں۔بعد ازاں یہ معلومات لبنان کے سکیورٹی اداروں کو فراہم کی گئیں، جنہوں نے کارروائی کرتے ہوئے سمگلنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے مزید 80 لاکھ گولیاں برآمد کیں۔

(جاری ہے)

یوں اس آپریشن میں ضبط کی جانے والی منشیات کی کل مقدار ایک کروڑ 48 لاکھ 50 ہزار گولیوں تک جا پہنچی ہے۔

سکیورٹی ترجمان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ شہری اور مقیم افراد منشیات کی سمگلنگ یا اس کی ترسیل سے متعلق کسی بھی سرگرمی کی معلومات فورا فراہم کریں۔ اس مقصد کے لیے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں (911) پر اور باقی علاقوں میں (999) پر، جبکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے انسدادِ منشیات کے نمبر (995) یا ای میل [email protected]،کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ تمام اطلاعات مکمل رازداری کے ساتھ لی جائیں گی اور اطلاع دینے والے پر کسی قسم کی ذمہ داری عائد نہیں ہو گی۔