بیوی کے بعد ابھیشیک بچن بھی اے آئی پلیٹ فارمز کے خلاف عدالت پہنچ گئے

جمعرات 11 ستمبر 2025 17:31

بیوی کے بعد ابھیشیک بچن بھی اے آئی پلیٹ فارمز کے خلاف عدالت پہنچ گئے
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)اہلیہ ایشوریا رائے کے بعد بولی وڈ اداکار ابھیشیک بچن بھی اپنے نام، تصاویر اور آواز کو اجازت کے بغیر استعمال کرنے کے خلاف آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پلیٹ فارم کے خلاف عدالت پہنچ گئے۔ابھیشیک بچن نے بھی دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی، جس میں انہوں نے اپنی شخصیت کے حقوق (Personality Rights) کے تحفظ کی استدعا کی ہے۔

شوبز ویب سائٹ بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق اداکار نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ان کے نام اور تصاویر آن لائن بغیر اجازت استعمال کی جا رہی ہیں، پلیٹ فارمز کو ایسا کرنے سے روکا جائے۔مذکورہ پیش رفت سے ایک دن قبل ہی ان کی اہلیہ ایشوریا رائے بچن نے بھی اسی نوعیت کی درخواست دہلی ہائی کورٹ میں دائر کی تھی۔

(جاری ہے)

ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں دوسرے نشریاتی اداروں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ابھیشیک بچن نے Bollywood Tee Shop نامی ویب سائٹ کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے، جو فلمی ستاروں کی تصاویر والی ٹی شرٹس فروخت کرتی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کی پہچان اور شخصیت کو اجازت کے بغیر تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے دھوکہ دہی اور جعلی آن لائن دھوکوں کا خطرہ ہے۔اداکار نے عدالت سے ایسی سرگرمیوں پر فوری پابندی لگانے اور گوگل، یوٹیوب سمیت دیگر پلیٹ فارمز سے متعلقہ لنکس ہٹانے کی استدعا کی ہے۔انہوں نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ حکم امتناعی ان نامعلوم افراد تک بھی بڑھایا جائے جو مستقبل میں ایسی خلاف ورزی کر سکتے ہیں۔

ابھیشیک بچن کے وکیل پروند آنند کی ٹیم کے رکن نے بتایا کہ عدالتوں نے وقت کے ساتھ شخصیت کے حقوق کو تسلیم کیا ہے۔ماضی میں امیتابھ بچن، انیل کپور اور جیکی شروف کے بعد اب ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کے لیے بھی ایسے احکامات حاصل ہوئے ہیں۔یہ احکامات خاص طور پر اے آئی اور ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے ہونے والے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ضروری ہیں۔ان سے ایک روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ ایشوریا رائے بچن نے بھی دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی،جس میں انہوں نے اپنی تصاویر، نام اور آواز کو اجازت کے بغیر استعمال کرنے پر تشویش ظاہر کی تھی۔