حمیرا اصغر کی پراسرار موت، فرانزک رپورٹ میں اہم انکشافات، مزید پیچیدگیاں پیدا ہو گئی

جمعرات 11 ستمبر 2025 14:05

حمیرا اصغر کی پراسرار موت،  فرانزک رپورٹ میں اہم انکشافات،   مزید پیچیدگیاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی حتمی میڈیکو لیگل رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ان کے کپڑوں پر خون کے دھبے موجود تھے، جس سے ان کی پراسرار موت کے حوالے سے شکوک و شبہات مزید گہرے ہوگئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق، حمیرا اصغر کی ٹی شرٹ اور پاجامے پر خون کے نشانات پائے گئے۔ تاہم، موت کی حتمی وجہ تاحال طے نہیں ہو سکی کیونکہ جائے وقوعہ سے صرف ڈھانچہ (باقیات) برآمد ہوا، جبکہ اداکارہ کے اہم اندرونی اعضا ءگل سڑ جانے کی وجہ سے غائب تھے، جو موت کی وجہ معلوم کرنے میں ایک رکاوٹ ہیں۔

تحقیقات کرنے والے افسران کا کہنا ہے کہ اہم جسمانی اعضا کی عدم موجودگی نے تفتیشی عمل کو شدید پیچیدہ بنا دیا ہے، اور اب تک یہ طے کرنا ممکن نہیں ہو سکا کہ اداکارہ کی موت طبعی تھی یا کسی جرم کا نتیجہ۔

(جاری ہے)

مزید برآں، پولیس ذرائع نے قومی سطح پر ڈی این اے اور بلڈ بینک کے فقدان کو بھی تفتیش میں بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے، جس کی وجہ سے خون کے نمونوں کی شناخت ممکن نہیں ہو پا رہی۔

تفتیشی افسران نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ حمیرا اصغر کا ایک موبائل فون تاحال لاپتا ہے، جسے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق، اس فون میں موجود ڈیٹا ان کے آخری دنوں کی سرگرمیوں اور ممکنہ خطرات سے متعلق اہم معلومات فراہم کر سکتا ہے۔واضح رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو ڈیفنس فیز 6، اتحاد کمرشل ایریا میں واقع ان کے فلیٹ سے برآمد ہوئی تھی، جہاں وہ گزشتہ سات سال سے تنہا مقیم تھیں۔ ان کی لاش ایک عدالت کی جانب سے مقرر کردہ بیلف نے دریافت کی، جو مکان مالک کی جانب سے کرایہ کی عدم ادائیگی پر عدالتی حکم کے تحت فلیٹ خالی کرانے آیا تھا۔\932

متعلقہ عنوان :