میٹل انڈسٹریز ڈویلپمنٹ سینٹر میں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے نئے داخلوں کا آغاز یکم اکتوبر 2025سے ہو گا ،پروجیکٹ ڈائریکٹر خرم شہزاد اعوان

جمعرات 11 ستمبر 2025 13:12

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) میٹل انڈسٹریز ڈویلپمنٹ سینٹر سیالکوٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر خرم شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ جدید دور کے صنعتی تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے انسٹی ٹیوٹ میں نئی ٹیکنالوجیز متعارف کروائی گئی ہیں جس کے تحت نئے داخلوں کا آغاز یکم اکتوبر 2025سے ہو گا ۔پنجاب ٹیوٹا کے زیر انتظام اس وقت مینوفیکچرنگ، مکینیکل ٹیکنالوجی، میکنسٹ ٹونر، میکنسٹ مائیلنگ ، سرجیکل سپیشلائزیشن سی این سی پروگرامنگ سیٹ اپ اینڈ آپریشن، سیفٹی انسپکٹر، آٹو کیڈ ڈرافٹ، انڈسٹریل الیکٹرانکس اور جراحی آلات سمیت دیگر پروگرام شامل ہیں، ان کورسز کا دورانیہ 3اور 6ماہ پر محیط ہے ۔

نئے داخلوں کے لیے مڈل ،میٹرک اور انٹر میڈیٹ تعلیم لازمی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا حکومت پنجاب نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر نہ صرف بے روزگاری کا خاتمہ کر رہی ہے بلکہ افرادی قوت میں اضافہ اور خود کفیل بنا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شعبہ انسٹی ٹیوٹ آف سرجیکل ٹیکنالوجی میں مخصوص نشستوں میں داخل ہونے والے طلبا کو ابتدائی مہارت کی تعلیم بذریعہ کمپیوٹرز دی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سال میں ہزاروں مرد اور خواتین نے ٹریننگ کورس حاصل کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا فارغ التحصیل طلبا کو انٹرنیشنل سرٹیفکیٹ کا اجرا بھی کیا جاتا ہے جس کے باعث روزگار کے سلسلے میں پاکستانی نوجوان خلیج ممالک میں پرکشش تنخواہوں پر کام کرتے ہیں جو ایک ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کا باعث بنتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فورجنگ ٹریٹمنٹ شاپ، سی این سی آئرن کٹنگ شاپ اور ویکیوم ہیٹ ٹریٹمنٹ جیسی دیگر کام کرنے والی جگہوں پر ورکروں کے حفاظتی انتظامات کو ملحوظ خاطر رکھا جا تاہے تاکہ کسی بھی ناگہانی آفات سے بچا جا سکے۔