قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمیں آزاد وطن حاصل ہوا ،ڈاکٹر عشرت العباد خان

جمعرات 11 ستمبر 2025 15:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)ایم پی پی (میری پہچان پاکستان) کے روح رواں اور سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے یوم وفات قائد اعظم محمد علی جناح کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم اپنے اس عظیم قائد کو کیسے بھول سکتے ہیں جنکی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارا یہ وطن آزاد ہوا۔انکی وفات صرف قیام پاکستان کے ایک سال بعد ہونے سے جو خلا پیدا پوا وہ کوئی پورا نہیں کرسکتا۔

لیکن ہمیں انکے فرمودات پر عمل کرکے ملک کے لئے کردار ادا کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کہ مجھ سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ پاکستان کا طرز حکومت کیا ہوگا پاکستان کے طرز حکومت کا تعین کرنے والا میں کون ہوتا ہوں۔ مسلمانوں کا طرز حکومت آج سے تیرہ سو سال پہلے قرآن کریم نے وضاحت کے ساتھ بیان کردیا تھا۔

(جاری ہے)

الحمد للہ قرآن مجید ہماری رہنمائی کے لئے موجود ہے اور قیامت تک موجود رہے گا۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہاکہ جس کے دل میں اپنی قوم کا درد ہو جو قوم کوعظمت کی بلندیوں تک لے جائے صدیوں میں کہیں ایک پیدا ہوتا ہے۔ ہمیں اتحاد۔ یقین، تنظیم کے انکے فلسفے پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الفاظ نہیں کہ قائد اعظم کو کن الفاظوں میں خراج عقیدت پیش کیا جائے۔ ہم سب انکی سوچ اور فرمودات پر عمل کرکے ہی انہیں خراج تحسین و عقیدت پیش کرسکتے ہیں۔ پاکستان عظیم مملکت ہے اور اسکی ترقی کے لئے پوری قوم متحد رہے یہی قائد اعظم کو سلام ہوگا۔