ضلعی عدالتوں کے 6ججز کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد

جمعرات 11 ستمبر 2025 16:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے ضلعی عدالتوں کے 6 ججز کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کردیں۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ضلعی عدالتوں کے 6ججز کی خدمات صوبائی حکومت کے سپرد کی گئیں۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد جمیل کو اسپیشل جج اینٹی کرپشن کورٹ لاہور تعینات ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لیاقت علی رانجھا کو جوڈیشل ممبر اپیلٹ ٹربیونل پنجاب ریونیو اتھارٹی لاہور مقرر ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد ارشد کو پریزائیڈنگ آفیسر پنجاب لیبر کورٹ نمبر Xساہیوال لگایا گیا۔

سیشن جج چوہدری محمد الیاس کو پریزائیڈنگ آفیسر پنجاب لیبر کورٹ نمبر IVفیصل آباد تعینات ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طارق جاوید کو پریزائیڈنگ آفیسر پنجاب لیبر کورٹ نمبر Vسرگودھا مقرر کیا گیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ندیم کو اسپیشل جج اینٹی کرپشن کورٹ ملتان تعینات کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ججز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15ستمبر 2025تک اپنی نئی تعیناتیوں کا چارج سنبھال لیں۔