یونیورسٹی آف سرگودھا کے وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر اور امپیکٹ ایکس کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:12

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر اور امپیکٹ ایکس کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا جس کا مقصد طلبہ اور فارغ التحصیل نوجوانوں میں جدت، کاروباری سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ معاہدے کی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال اور امپیکٹ ایکس کے شریک بانی محمد سلیم احمد رانجھاء نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اشتراک کے تحت تربیتی پروگرامز، رہنمائی سیشنز، ورکشاپس اور مختلف عملی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو جدید کاروباری دُنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔امپیکٹ ایکس تحقیقی منصوبوں، کاروباری خیالات کو عملی شکل دینے، نصاب کی تیاری اور نوجوان کاروباری افراد سے مسلسل رابطہ قائم رکھنے میں بھی تعاون فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف سرگودھا کی جانب سے انکیوبیشن اور کام کرنے کی سہولیات کے لیے خصوصی جگہ مختص کی جائے گی تاکہ طلبہ اور فارغ التحصیل نوجوان اپنے خیالات کو کامیاب کاروباری منصوبوں میں بدل سکیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ صنعت و جامعہ کے مضبوط تعلقات ہی طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو ماہرین اور عملی وسائل سے جوڑنے کا مقصد انہیں محض ڈگری یافتہ نہیں بلکہ مستقبل کے روزگار تخلیق کرنے والے، جدت کار اور قائد بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :