آئیسکو کا ڈیجیٹلائزیشن اور صارفین کو بہتر سے بہترین سروسز اور پیشگی معلومات کیلئے ''اپنے صارف کو جانیے'' مہم کا آغاز

جمعرات 11 ستمبر 2025 21:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)نے ڈیجیٹلائزیشن اور صارفین کو بہتر سے بہترین سروسز اور پیشگی معلومات کیلئے ''اپنے صارف کو جانیے'' مہم کا بھرپور آغاز کر دیا۔

(جاری ہے)

چیف انجینئر کمرشل غلام سرور کی جانب سے جاری مراسلہ نمبر7989-8001 کے تحت آئیسکو کے میٹر ریڈر دوران میٹر ریڈنگ صارفین سے ریجن بھر میں بجلی صارفین (کرایہ دار اور مالک مکان) کا قومی شناختی کارڈ اور موبائل نمبرز،رہائشی مالک یا کرایہ دار اور دیگر معلومات حاصل کریں گے۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ میٹر ریڈنگ سپروائزر اور ایس ڈی اوز صارفین کی درست اور وقت پر معلومات اکھٹے کرنے کا ذمہ دار ہو گا اور اس سلسلے میں صارفین کو مکمل آگاہی فراہم کی جائے۔چیف انجینئرکمرشل غلام سرور کا مزید کہنا تھا کہ ان تمام اقدامات کا مقصد آئیسکو کے صارفین کو بلنگ، لوڈ مینجمنٹ اور دیگر ضروری معلومات کی پیشگی اطلاع دینا ہے۔ آئیسکو انتظامیہ صارفین سے گزارش کرتی ہے کہ اپنی درست معلومات کی فراہمی کے سلسلے میں آئیسکو کے میٹر ریڈرز سے مکمل تعاون کریں۔