Live Updates

د*حکومتی نمائشی اقدامات نے کسانوں کو تباہی سے دوچار کیا: مرکزی کسان لیگ

سیلاب سے لاکھوں ایکڑ زرعی زمین و تیار فصلیں تباہ، کسان معاشی بدحالی کا شکارہیں: ذوالفقار علی اولکھ

جمعرات 11 ستمبر 2025 20:05

ٓلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء) مرکزی کسان لیگ کے چیئرمین چوہدری ذوالفقار علی اولکھ اور صدر اشفاق ورک نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کا پہیہ کسانوں کی محنت اور قربانیوں سے چلتا ہے۔ بدقسمتی سے حکومت کسانوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے محض فوٹو سیشنز اور نمائشی اقدامات پر اکتفا کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں زرعی شعبہ شدید مشکلات سے دوچار ہے۔

اگر حکومت نے بروقت اور عملی اقدامات کیے ہوتے تو آج حالات مختلف اور بہتر ہوتے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے کسانوں کو بدترین بحران سے دوچار کر دیا ہے۔لاکھوں ایکڑ زرعی زمین پانی میں ڈوب گئی ہے، تیار فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، جبکہ ٹربائنیں اور ٹریکٹر جیسے مہنگے زرعی آلات سیلابی پانی میں بہہ گئے ہیں،اور کسان اپنے روزگار اور معاشی تحفظ سے محروم ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسانوں کی آہ و بکا سننے والا کوئی نہیں ہے۔ حکومت کسانوں کے ساتھ عملی تعاون کرنے کے بجائے انہیں بھاری بجلی کے بل بھیج رہی ہے، جو سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیلاب متاثرہ کسانوں کے بجلی کے بل فوری طور پر معاف کیے جائیں۔زرعی قرضے اور ٹیکس ختم کیے جائیں تاکہ کسان دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔

کسانوں کو ایکڑ کے حساب سے بیج اور کھاد فراہم کی جائے۔گندم کی آئندہ کاشت کے لیے سبسڈی دی جائے تاکہ زیادہ پیداوار حاصل ہو سکے اور ملک ممکنہ غذائی بحران سے بچ سکے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کسانوں کی بروقت معاونت نہیں کرتی تو آنے والے دنوں میں زرعی پیداوار میں شدید کمی واقع ہوگی جس سے نہ صرف کسان بلکہ پوری قوم متاثر ہوگی۔انہوں نے اعلان کیا کہ تنظیم اس مشکل وقت میں کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی بلکہ زمینی سطح پر مؤثر اور منظم اقدامات کے ذریعے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :