مانسہرہ پولیس کی کارروائی، سرکاری محکمہ کی وردی پہن کر ناچ گانوں کے ساتھ وڈیو اپلوڈ کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

جمعہ 12 ستمبر 2025 15:44

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) مانسہرہ پولیس نے سرکاری محکمہ کی وردی پہن کر ٹک ٹاک پر ناچ گانوں کے ساتھ وڈیو اپلوڈ کرنے والے اوگی کے رہائشی ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کے سخت احکامات پر پولیس کی سوشل میڈیا پر غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ اوگی راجہ مدثر نے موثر کارروائی کرتے ہوئے شاکر اللہ کو گرفتار کر لیا، جو کہ ٹک ٹاک پر سرکاری محکمے کی وردی پہن کر وڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہا تھا۔ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ڈی پی او مانسہرہ نے کہا کہ سرکاری وردی کا غلط استعمال یا سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے وقار کو مجروح کرنے والی سرگرمیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ پولیس معاشرتی اقدار اور قانون کی پاسداری کے تحفظ کے لیے اپنا آپریشن جاری رکھے گی۔