صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت بی ایم سی اور سول ہسپتال کی سکیورٹی بہتر بنانے سے متعلق اجلاس

جمعہ 12 ستمبر 2025 17:46

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) صوبائی وزیرِ صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی زیرِ صدارت میڈیکل کمپلیکس ہسپتال (بی ایم سی)اور سول ہسپتال کوئٹہ کے سکیورٹی امور کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت مجیب الرحمن ،بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرسلطان لہڑی ،سول ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرہادی کاکڑ ودیگر نے شرکت کی اور ہسپتالوں میں موجودہ سکیورٹی صورتحال، درپیش چیلنجز اور بہتری کے عملی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کا مرکزی مقصد مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اور ہسپتالوں میں محفوظ ماحول فراہم کرنا تھا۔ شرکا نے اس مقصد کے حصول کے لیے مختلف پہلوئوں پر مفصل گفتگو کی اور مندرجہ ذیل تجاویز و سفارشات پیش کیں جن پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دونوں ہسپتالوں کی سیکورٹی کاجائزہ ،مقامی پولیس کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن، سی سی ٹی وی نگرانی کے نظام کی اپگریڈیشن اور مرکزی کنٹرول روم کے ذریعے مستقل مانیٹرنگ ودیگر امور کاجائزہ لیاگیا۔

وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ نے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں امن و امان، مریضوں اور طبی عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور متعلقہ حکام سکیورٹی سے متعلق سفارشات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جلد از جلد عملی شکل دیں گے۔ سیکرٹری صحت اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی گئی کہ وہ مجوزہ تجاویز کی تکنیکی و انتظامی جانچ کر کے عملی لائحہ عمل مرتب کریں تاکہ مریضوں کی بہترنگہداشت اور عملے کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔