پنجاب حکومت کی جانب سے 57ہزار گھروں کی تعمیر کا منصوبہ

پہلے مرحلے میں 20ہزار گھروں کے لیے 41سائٹس کا انتخاب مکمل

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور عوام دوست فیصلوں کے تحت صوبائی حکومت نے 57ہزار معیاری اور سستی رہائشی مکانات کی تعمیر کا بڑا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان محکمہ ہائوسنگ پنجاب کے مطابق یہ مکانات صوبے کے 21اضلاع میں سرکاری زمینوں پر تعمیر کیے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں 20ہزار رہائشی مکانات کی تعمیر کے لیے صوبہ بھر میں 41مقامات کا انتخاب مکمل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ رہائش گاہیں آسان اقساط پر مستحق افراد کو فراہم کی جائیں گی تاکہ عام شہری کم لاگت میں معیاری رہائش سے مستفید ہو سکیں۔ترجمان کے مطابق منصوبہ پانچ سال میں مکمل کیا جائے گا اور رہائشی مکانات ورلڈ بینک اور پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے تعمیر کیے جائیں گے۔ رہائشی سکیموں میں عوام کو ضروریاتِ زندگی کے مطابق تمام سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی۔ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق تعمیرات کے دوران معیار کی جانچ اور منصوبے کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائی جائے گی جبکہ ماضی کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے بہترین حکمت عملی کے تحت منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ منصوبے کو حتمی منظوری کے لیے صوبائی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔