کمشنر مکران ڈویژن کی زیر صدارت اجلاس ،گرین بس سروس کے آغاز کا فیصلہ

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر کمشنر مکران ڈویژن قادربخش پرکانی کی زیر صدارت ایک اجلاس تربت میں منعقد ہوا۔ اجلاس تمام اسٹیک ہولڈرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جس میں شہر کے عوام کے لیے جدید سفری سہولتوں کی فراہمی کے پیشِ نظر گرین بس سروس کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے تربت کے شہریوں کے لیے 4 نئی بسیں مختص کی ہیں، جو مختلف اہم روٹس پر چلائی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو آرام دہ، محفوظ اور باوقار سفری سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو روزمرہ سفر میں درپیش مشکلات کا مؤثر حل مل سکے ۔ کمشنر مکران قادربخش پرکانی نے کہا کہ گرین بس سروس کا اجراء نہ صرف شہریوں کے لیے ایک انقلابی سہولت ہوگا بلکہ اس سے مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جو خطے کی معیشت کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کا بنیادی مقصد عوام کو جدید، سہل اور معیاری سفری ماحول فراہم کرنا ہے ۔ اجلاس میں شریک تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے گرین بس منصوبے کو علاقے کی سماجی و معاشی ترقی اور شہری سہولت کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا اور صوبائی حکومت کے اس فیصلے کو عوام دوست اقدام سے تعبیر کیا۔