لاہور ہائیکورٹ میں فنانس ایکٹ 2025 چیلنج، پنجاب حکومت و ریونیو اتھارٹی کو نوٹس

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:36

لاہور ہائیکورٹ میں فنانس ایکٹ 2025 کو چیلنج کر دیا گیا ہے، عدالت نے پنجاب حکومت، پنجاب ریونیو اتھارٹی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔جسٹس حسن نواز مخدوم اور جسٹس خالد اسحاق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے لاہور ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر عبداللہ ہارون نے مؤقف اختیار کیا کہ فنانس ترمیمی ایکٹ 2025 کے ذریعے سیلز ٹیکس آن سروسز نافذ کیا گیا ہے جو سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔

ان کے مطابق سروسز پر ٹیکس لگانے کا اختیار صرف وفاق کو حاصل ہے، صوبائی سطح پر اس کی وصولی آئین اور عدالتی فیصلوں کے منافی ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ فنانس ایکٹ 2025 کو کالعدم قرار دیا جائے اور ریسٹورنٹ انڈسٹری سمیت دیگر سروس سیکٹرز پر لگائے گئے نئے ٹیکسز ختم کیے جائیں۔