پنجاب میں خواتین کے سب سے بڑے سپورٹس ایونٹ کھیلتا پنجاب پنک گیمز کے حوالے سے اہم اجلاس

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت پنجاب میں خواتین کے سب سے بڑے اسپورٹس ایونٹ کھیلتا پنجاب پنک گیمز کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا،جمعتہ المبارک کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونیوالے اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر خان سیال، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری، ایڈیشنل سیکرٹری میاں عثمان علی اورسپورٹس کوآرڈینیٹر ملک انوش کھوکھر ودیگرنے شرکت کی، اجلاس میں ایونٹ کے انعقاد اور تیاریوں سے متعلق بڑے فیصلے کیے گئے جبکہ ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے اجلاس کو پنک گیمز بارے بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھرنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلتا پنجاب پنک گیمز نومبر میں منعقد ہوں گے، جن میں پنجاب کے تمام ڈویڑنز سے 3000 سے زائد خواتین کھلاڑی شریک ہوں گی،جس سے ایونٹ کا دائرہ مزید وسیع ہو گا اور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے، پنک گیمز کے مقابلے چار روز تک جاری رہیں گے جبکہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 17 کے قریب مختلف کھیل شامل کیے جائیں گے، پنک گیمز میں سکول اور کالج کی 21 سال سے کم عمر طالبات بھی بڑی تعداد میں شریک ہوں گی، صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا ہے کہ کھیلتا پنجاب پنک گیمز تمام ڈویڑنز کی ٹیموں کی شرکت سے زیادہ سے زیادہ خواتین کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل سکے گا۔

(جاری ہے)

پنک گیمز کی شاندار افتتاحی اور اختتامی تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ خواتین ارکان پنجاب اسمبلی کو ایونٹ کا ایمبیسیڈر بنایا جائے گا، ایونٹ میں جیتنے والی کھلاڑیوں میں ایک کروڑ روپے سے زائد کے کیش انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ہدایت کی کہ ایونٹ کی بروقت اور شاندار تیاری یقینی بنائی جائے اور کھیلتا پنجاب پنک گیمز کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔