Live Updates

سیلاب متاثرین کو ریلیف کیمپوں میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:40

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں سیلاب متاثرین کی دیکھ بھال اور بحالی کے سلسلے میں موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے باقرپور، فتو والی، بیٹ احمد موضع بختیاری اور بلہ جھلن اوچشریف میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔

انہوں نے فلڈ کیمپس میں موجود سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بلہ جھلن میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں مقیم بچوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ تحائف تقسیم کیے اور مرد و خواتین سے فراہم کردہ سہولیات بارے بھی پوچھا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق سیلاب متاثرین کو ریلیف کیمپوں میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جن میں خوراک، صاف پانی، طبی امداد، شیلٹر اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرحان فاروق نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو باعزت طریقے سے سہارا دیا جا رہا ہے تاکہ وہ اس مشکل وقت میں خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ میں مرد، خواتین اور بچوں کے لیے الگ الگ انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ بچوں کی تعلیم اور تفریح کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے جانوروں کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

کیمپ میں مویشیوں کے لیے ونڈہ اور سبز چارہ وافر مقدار میں دستیاب ہے تاکہ متاثرینِ سیلاب کے معاشی نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ریلیف کیمپوں میں موجود افراد کی ہر ممکن معاونت کریں اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق کی ہدایت پر سیلاب زدگان کے لیے گورنمنٹ ہائی سکول جھانگی والی میں بھی فلڈ ریلیف کیمپس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں درجنوں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات