خضدار،پاک فوج 33 ڈویژن اور ایف سی قلات سکاؤٹس کا مشترکہ فری آئی میڈیکل کیمپ، مریضوں کامفت علاج ،سرجری کی گئی

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:30

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء) خضدار میں پاک فوج کی 33 انفنٹری ڈویژن اور فرنٹیئر کور ایف سی قلات اسکاؤٹس کے زیر اہتمام ٹیچنگ ہسپتال خضدار میں ایک فری آئی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس نے شہری اور دیہی علاقوں کے رہائشیوں کو مفت آنکھوں کے معائنہ، علاج اور سرجری کی سہولیات فراہم کیں۔ اس کیمپ میں ہر عمر کے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اس کیمپ کی نگرانی ایف سی کے ڈاکٹر افیاض علی نے کی، جن کی جانب سے موثر انتظامات کیئے گئے تھے۔

ڈاکٹر افیاض علی اس سے قبل بھی متعدد بار ایسے فری آئی میڈیکل کیمپس کے انتظامات کرچکاہے، جو غریب اور پسماندہ طبقات کے لیئے آنکھوں کی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت یہ کیمپ نہ صرف کامیاب رہا بلکہ مریضوں کو فوری ریلیف بھی ملا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر افیاض علی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے، مقامی لوگوں اور طبی ماہرین نے انہیں خضدار میں صحت کی ترقی کا "ہیرو" قرار دیا، کیونکہ ان کی کاوشیں آنکھوں کی بیماریوں سے متاثرہ افراد کی زندگیوں کو بدل رہی ہیں۔

اس موقع پر البصر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کا بھی تعاون حاصل تھا، جس نے جدید طبی آلات اور سرجری کی سہولیات فراہم کیں۔ کیمپ میں مریضوں کا معائنہ اور علاج مسٹر سمیر (کیمپس منیجر)، ڈاکٹر اشرف، ڈاکٹر عرفان، ڈاکٹر اسد اور ڈاکٹر صفیع اللہ شاہ نے کیا۔ ان ڈاکٹروں کی ٹیم نے سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا، جن میں سے کئی کو فوری سرجری کی گئی اور مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔خضدار کے رہائشیوں نے اس کیمپ کو "زندگی بدلنے والا" قرار دیا، خاص طور پر دیہی علاقوں سے آئے مریضوں نے بتایا کہ ایسے پروگرامز کی وجہ سے انہیں کراچی یا کوئٹہ جانے کی ضرورت نہیں پڑی۔ پاک فوج اور ایف سی کی یہ کاوش خضدار میں صحت کی رسائی کو بڑھانے کی ایک عمدہ مثال ہے۔