ؒمستونگ آپریشن: وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، خوارج کے خاتمے کو قومی کامیابی قرار دیا

)فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف جنگ فیصلہ کن موڑ پر ہے، قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے، حنیف عباسی

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے کامیاب آپریشن پر فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے اس کارروائی کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا، جس میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم کالعدم گروہ ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ اطلاعاتی بنیاد پر کی گئی اس بروقت اور جرات مندانہ کارروائی نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دشمن عناصر ملک میں بدامنی پھیلانے کے گھناؤنے منصوبے بنا رہے تھے۔

(جاری ہے)

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ بہادر سپاہیوں نے وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پوری قوم ان شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ ان کی قربانیاں پاکستان کی اصل طاقت اور روشنی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’فتنہ الہندوستان‘‘جیسے دہشتگرد عناصر کو جڑ سے اکھاڑنے تک یہ جنگ جاری رہے گی، اور ریاست کسی بھی قیمت پر ان ملک دشمن قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

وزیر ریلوے نے قوم کو یقین دلایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ہر میدان میں پوری تیاری اور عزم کے ساتھ موجود ہیں، اور دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے تک پہنچا کر ہی دم لیں گی۔وفاقی وزیر کا بیان اس امر کا واضح اظہار ہے کہ دہشتگردی کے خلاف ریاستی ادارے متحد اور متحرک ہیں، اور عوام کا اعتماد فورسز کی قربانیوں اور کامیابیوں سے مزید مضبوط ہوا ہی