Live Updates

ہر سال سیلاب سے نقصان کے متحمل نہیں ہوسکتے، انفرا سٹرکچر ڈیولپمنٹ تیز کرنا ہوگی، فیلڈ مارشل

سیلاب کے نقصانات سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلیے تمام ضروری اقدامات فوری طور پر کیے جانے چاہئیں، فوج عوامی فلاح کے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی؛ سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے پر گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 ستمبر 2025 12:10

ہر سال سیلاب سے نقصان کے متحمل نہیں ہوسکتے، انفرا سٹرکچر ڈیولپمنٹ تیز ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2025ء ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہوسکتی، عوام کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے درکار تمام اقدامات بشمول ڈھانچہ جاتی ترقی یعنی انفرا سٹرکچر ڈیولپمنٹ کو تیز کرنا ہوگا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیلاب سے متاثرہ پنجاب کےعلاقوں قصور، جلال پور پیروالا اور ملتان کا دورہ کیا، سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچنے پر لاہور اور ملتان کور کے کمانڈرز نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا، ان کے اس دورے کا مقصد موجودہ سیلابی صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینا تھا، انہیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی تفصیلات بتائی گئیں، سیلاب زدہ علاقوں کے اس دورے کا مقصد سول انتظامیہ اور فوج کے درمیان ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانا تھا تاکہ متاثرہ آبادی کو مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس دورے میں چیف سیکرٹری پنجاب اور سول انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے جہاں فیلڈ مارشل نے سول انتظامیہ سے گفتگو کرتے ہوئے اچھی حکمرانی اور عوام پر مبنی شمولیتی ترقی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ بار بار آنے والے سیلاب کے نقصانات سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے درکار انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت تمام ضروری اقدامات فوری طور پر کیے جانے چاہئیں، ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی، سیلاب سے متاثرہ افراد کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سول اور فوجی اداروں کی مربوط کوششیں انتہائی اہم ہیں، پاک فوج عوامی فلاح کے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔

بتایا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی بحالی اور آبادکاری کے عمل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، متاثرین نے بروقت امداد فراہم کرنے پر پاک فوج کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا، آرمی چیف نے ریلیف آپریشنز میں مصروف فوجی جوانوں، ریسکیو 1122 اہلکاروں اور پولیس حکام سے بھی ملاقات کی، ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور انتہائی کٹھن حالات میں قوم کی خدمت کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

معلوم ہوا ہے کہ آرمی چیف نے سول انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں عوام کو بروقت ریلیف اور امداد فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے ان کے دن رات کے کاموں کی تعریف کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور، قصور اور ملتان، جلالپور پیروالا کے ساتھ ساتھ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا تاکہ نقصانات کے حجم اور جاری امدادی سرگرمیوں کا اندازہ لگایا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات