Live Updates

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی زیر صدارت فلڈ ریویو اجلاس،سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا

ہفتہ 13 ستمبر 2025 15:03

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت فلڈ ریویو اجلاس منعقد ہوا ،جس میں چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ انہار، ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن، واسا اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور بحالی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ انسانی جانوں کے ضیاع، املاک، فصلات اور لائیو سٹاک کو پہنچنے والے نقصانات کی جامع رپورٹ فوری طور پر مرتب کی جائے، جبکہ انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کے حوالے سے محکمہ ایریگیشن، ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن اور واسا سے تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی۔انہوں نے کہا کہ نالوں اور بندھوں کی فوری مرمت کو یقینی بنایا جائے اور متاثرہ دیہات تک رسائی کے لیے راستوں کی کنکٹیویٹی کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ ریلیف سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ آئندہ کے لیے موثر فلڈ کنٹیجنسی پلان مرتب کرنے کی تجاویز بھی پیش کی جائیں۔محکمہ فوڈ کو ہدایت کی گئی کہ گندم کے تمام سٹاک کو مکمل طور پر ڈاکومنٹ کیا جائے جبکہ ریلیف اور مویشیوں کے لیے ونڈا کی تقسیم کا عمل تیز کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سیلاب کے دوران شہریوں کی جانب سے انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات پر کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ خواجہ عمیر، اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال اور محکمہ انہار کے مقامی حکام شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبااصغر علی نےکہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے ساتھ ہے اور ہر ممکن ریلیف و بحالی کے اقدامات جاری رہیں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :