Live Updates

پاکستان میں سیلاب سے تقریباً ایک ہزار ہلاکتیں، چین کی امداد کی پیشکش

ہفتہ 13 ستمبر 2025 18:02

پاکستان میں سیلاب سے تقریباً ایک ہزار ہلاکتیں، چین کی امداد کی پیشکش
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)اسلام آباد میں تعینات چین کے اعلیٰ سفارت کار نے پاکستان میں اس سال مون سون کے دوران جاں بحق ہونے والے تقریباً 1,000 افراد پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو سیلاب سے متاثرہ میں مدد کی پیشکش کی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق چینی ناظم الامور شی یوان چیانگ نے کہا ہے کہ چین مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم ای) کے مطابق، 26 جون سے جاری شدید مون سون بارشوں، بادل پھٹنے اور اچانک آنے والے سیلابوں کے باعث اب تک کم از کم 956 افراد جاں بحق اور 1,060 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ قدرتی آفت ملک بھر میں 58 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کر چکی ہے، جن میں سے صرف پنجاب میں متاثرہ افراد کی تعداد 42 لاکھ ہے۔

تقریباً 24 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جب کہ 1,630 امدادی کیمپوں میں 94,000 سے زائد افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔ حکام کے مطابق بارشوں سے 8,481 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں سے 2,216 مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ 6,500 سے زائد مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق شی یوان چیانگ نے چینی سفارتخانے کے وفد کے ہمراہ این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے انہیں امدادی سرگرمیوں اور ردعمل کے اقدامات پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ اقدامات صوبائی حکومتوں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مربوط انداز میں جاری ہیں، جن میں وزیرِاعظم کے ریلیف پروگرام کے تحت انخلاء بھی شامل ہے۔حکام نے مرکز کے ڈیزاسٹر وارننگ سسٹمز، خطرات کی بروقت اطلاع رسانی، پیشگی اقدامات، اور عالمی معیار سے ہم آہنگ مشقوں پر بھی روشنی ڈالی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات