وہاڑی میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ایچ پی وی ویکسی نیشن مہم کا آغاز

ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:21

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) ضلع وہاڑی میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ایچ پی وی ویکسی نیشن مہم کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ایچ بلاک میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر نے مہم کا افتتاح کیا۔مہم 15 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی جس میں 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔

ضلع میں 2 لاکھ 39 ہزار 871 بچیوں کو ویکسین فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ اسکولز اور مدارس کو ترجیح دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر نے کہا کہ ایچ پی وی ویکسین سروائیکل کینسر کے خلاف مؤثر قوت مدافعت پیدا کرتی ہے، اس لیے عوام بچیوں کو لازمی ویکسین لگوائیں۔ انہوں نے تمام محکموں کو مہم کی کامیابی کے لیے ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید نے بتایا کہ سروائیکل کینسر خواتین میں دنیا کا دوسرا بڑا کینسر ہے اور ہر سال ہزاروں خواتین اس مرض سے جاں بحق ہو جاتی ہیں۔ ویکسین سعودی عرب، ترکی سمیت 145 ممالک میں لگائی جا رہی ہے۔ ضلع وہاڑی میں اس مقصد کے لیے 185 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں اسکلڈ پرسن، ٹیم اسسٹنٹ اور سوشل موبلائزرز شامل ہیں۔سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز نے کہا کہ اسکولوں میں ویکسین کی اہمیت و افادیت بارے آگاہی دی جا رہی ہے۔

بہنیں اور بیٹیاں ہمارا سرمایہ ہیں، انہیں بیماریوں سے محفوظ بنانا سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے سرکاری و نجی اسکولوں کے سربراہان اور اساتذہ کو ٹیموں سے تعاون کی ہدایت کی۔افتتاحی تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید، سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد فاضل، ڈی ای او شازیہ انور، ڈی ای او عندلیب اصغر، ڈپٹی ڈائریکٹر پی آر میاں نعیم عاصم اور دیگر حکام شریک تھے۔\378