اینٹی کرپشن نے رشوت لینے پر کلرک سمیت دو افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا

ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:28

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ریجن ملک ضیاء الحق کی خصوصی ہدایت پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راجن پور نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس راجن پور کے اہلکار ماجد حسین (جونیئر کلرک) اور پرائیویٹ ایجنٹ خضر عباس کو رشوت کی رقم 10 ہزار روپے لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

فوکل پرسن اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے مطابق کارروائی سرکل آفیسر اینٹی کرپشن راجن پور شہزاد گل نے مدعی ممتاز احمد ولد گلزار احمد سکنہ سادات کالونی راجن پور کی درخواست پر، سول جج راجن پور ظفر اقبال کی زیر نگرانی ٹریپ ریڈ کے ذریعے عمل میں لائی۔

(جاری ہے)

قانونی کارروائی کے دوران رشوت کی رقم مبلغ 10 ہزار روپے ملزمان سے برآمد کرلی گئی جو انہوں نے موٹر سائیکل کے کاغذات / نمبر لگوانے کے سلسلے میں وصول کی تھی۔

ملزمان کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن راجن پور میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔اس حوالے سے فوکل پرسن اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ریجن شمشیر خان گورمانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ریجن بلا تفریق قانونی کارروائیاں کر رہی ہے۔ عوام کو یقین دلایا جاتا ہے کہ اگر کسی شہری کو کسی سرکاری افسر یا ملازم کے خلاف شکایت ہو تو وہ بلا جھجک اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ریجن میں درخواست جمع کرائے۔ اینٹی کرپشن شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور کرپشن کے خاتمے کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے۔

متعلقہ عنوان :