وزیربلدیات کی زیر صدارت اجلاس، پی ڈی پی اور گجرات کی صورتحال پر غور

ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نصیر، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں گجرات میں حالیہ اربن فلڈنگ سے پیدا شدہ صورتحال پر خصوصی غور کرتے ہوئے شہر میں سیور اور ڈرین الگ الگ بنانے کی تجویز دی گئی۔وزیر بلدیات نے گجرات کے حالیہ دوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پورے شہر کی نکاسی آب کے لئے صرف ایک ڈرین ہے جو اتنی بڑی آبادی کے لئے ہرگز کافی نہیں، اس لئے ہمیں وہاں زیادہ نالے بنانا پڑیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ بہتر نکاسی کے لئے برکس ڈرین کی جگہ آر سی سی نالے بنائے جائیں، وزیراعلی مریم نواز نے گجرات کے لئے سپیشل پیکیج کی منظوری دے دی ہے جس سے پورے ڈرینج سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

ذیشان رفیق نے کہا کہ ابتدائی طور پر پنجاب کے باون شہروں میں پی ڈی پی کے تحت سکیمیں مکمل ہوں گی، یہ ایک میگا پراجیکٹ اور پہلے مرحلے میں پندرہ شہروں کے لئے سکیموں کے پی سی ون کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت ہر شہر میں سیوریج سسٹم اور زیر زمین پانی ذخیرہ کرنے کے ٹینک بنائیں گے تاکہ بارانی پانی کی سٹوریج اور اربن فلڈنگ کے خطرات بھی کم ہو سکیں۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ موثر اربن پلاننگ کیلئے پنجاب حکومت نے تمام شہروں میں ڈیڑھ سو فریش گریجوایٹ انجنئیر تعینات کرنے کی منظوری بھی دی ہے، ایک لاکھ آبادی والے شہروں میں ایک انجنئیر جبکہ دو لاکھ آبادی والے شہروں کیلئے دو یا تین انجنئیر لگائے جائیں، ہر شہر میں سولرائزڈ ڈسپوزل سٹیشن بنائے جائیں گے۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے لئے اراضی مختص اور اراضی ایکوائر کرنے کے لئے چیئرمین پی اینڈ ڈی سے مشاورت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے لئے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تجربے کو مدنظر رکھ کر چلیں تاکہ بہتر نتائج برآمد ہوسکیں۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے اجلاس کو بتایا کہ روایتی نالے بنانے کی بجائے ہر شہر کی ضرورت مدنظر رکھی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گجرات شہر کی ڈرین کی مسلسل صفائی کی جائے، بلا تعطل نکاسی آب یقینی بنانے کے لئے گجرات کی ڈرین کے اردگرد تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔