لیسکو کی بڑی کارروائی میں بجلی چوری پکڑی گئی

اتوار 14 ستمبر 2025 11:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایت پرسدرن سرکل میں ایک گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق یہ آپریشن ایس ای سدرن سرکل محمد حسین کی قیادت اور ایکسین کوٹ لکھپت امجد حسین ناگرہ کی نگرانی میں کیا گیا۔کارروائی کے دوران ایس ڈی او نشتر کالونی سونیل صابر، رینجرز اور لیسکو سپورٹ یونٹ بھی شریک تھے۔

ایچ بی ایس اپیرل کے تمام احاطے کو چیک کیا گیا جس میں پانچ بڑے ہال شامل تھے۔

(جاری ہے)

تین ہال اسٹیچنگ یونٹس کے طور پر استعمال ہو رہے تھے، ایک ہال برف بنانے کے لیے اور دو ہال بند پائے گئے۔ آپریشن کے دوران دو ٹرانسفارمر 100 کے وی اے اور 50 کے وی اے اتار لیے گئے، تمام سروس کیبلز اور 6 میٹرز بھی ہٹا دیے گئے۔ بجلی چوری کا کل لوڈ تقریبا 80 کلو واٹ نکلا اور3 لاکھ یونٹس کی ڈِٹیکشن لگائی گئی۔

اس کے نتیجے میں لیسکو کو1 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ مزید برآں،7 استغاثے تھانہ نشتر پولیس اسٹیشن کو بھجوائے گئے تاکہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ بجلی چور ملک و قوم کے دشمن ہیں، ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔