ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری

اتوار 14 ستمبر 2025 11:10

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں عوام تک معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کے مشن کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد خان مگسی نے ٹیم کے ہمراہ کوٹ ادو اور لیہ میں مختلف یونٹس کا معائنہ کیا۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق چک 511 ٹی ڈی اے اڈا بہار روڈ کوٹ ادو میں واقع ملک کولیکشن سنٹر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں دودھ میں فیٹ اور قدرتی غذائیت کی کمی پائی گئی۔ موقع پر 500 لیٹر دودھ تلف کر کے کولیکشن سنٹر کے مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی جبکہ چلر بھی ضبط کر لیا گیا۔اسی طرح ریلوے اسٹیشن روڈ لیہ میں واقع ہول سیل یونٹ پر کارروائی کی گئی، جہاں بناسپتی گھی معیار پر پورا نہ اترنے پر 1250 کلو ناقص گھی تلف کیا گیا اور مالکان پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ شہریوں تک ملاوٹ سے پاک خوراک پہنچانا ادارے کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام اپنے گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کا مفت ٹیسٹ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے کسی بھی دفتر سے کرا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :